نئی دہلی،9؍اپریل(ایس اونیوز؍یواین آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے لوک سبھا انتخابات کے لئے’’ سنکلپ پتر‘‘کے نام سے جاری اپنے منشور میں پانچ سال میں خطہ افلاس سے نیچے رہنے والے لوگوں کی تعداد کم کرکے آبادی کے 10فیصد سے کم کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔ وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے یہاں بی جے پی ہیڈ کوارٹر میں منشور جاری ہونے کے بعد اس کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ملک کی تاریخ میں یہ پہلی حکومت ہے جس نے متوسط طبقے کو مضبوط کیا ہے اور جس کے دور اقتدار میں غربت سب سے زیادہ تیزی سے کم ہوئی ہے ۔ اگلے پانچ سال میں ہم غریبوں کی تعداد کو سب سے کم سطح پر لے آئیں گے اور آہستہ آہستہ اسے مکمل طور ختم کر دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال میں حکومت نے نہ صرف غریبوں کو سہولیات مہیا کرائی ہیں بلکہ ٹیکس شرح میں صرف کمی کی ہے ، کبھی بڑھایا نہیں۔ حکومت نے آمدنی بڑھانے کے لئے ٹیکس کا دائرہ بڑھا یااور اس سے بڑھی آمدنی کا استعمال سڑکوں اور دیگر بنیادی ڈھانچوں کی ترقی کے لئے کیا۔